بنگلورو،14؍جون(ایس او نیوز) ریاست کی راجدھانی بنگلورو سمیت 19اضلاع میں پیر کی صبح سے اَن لاک کا عمل شروع ہو گا جس سے امید کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت اختیار کرجانے کے سبب 24اپریل سے ریاست میں نافذ لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں کچھ حد تک نرمی مل سکتی ہے۔ ریاست کے باقی 11اضلاع میں لاک ڈاؤن کی پابندی 21جون تک برقرار رہے گی۔ ان اضلاع میں کورونا کے زیادہ کیسوں کے سبب حکومت نے لاک ڈاؤن برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چکمگلور، شیموگہ، داونگیرے، میسورو، چامراج نگر،ہاسن، دکشن کنڑا، بنگلورو رورل،منڈیا،بیلگاوی اور کورگ اضلاع میں کل سے ایک اور ہفتہ کے لئے لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔
حکومت نے طے کیا ہے کہ پیر14جون سے ریاست میں لاک ڈاؤن کی سختیوں کو مرحلہ وارختم کرنے کا عمل شروع کردیا جائے۔ جن 19اضلاع میں اَن لاک کا عمل شروع ہو رہا ہے وہاں پر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو صبح 6بجے سے دوپہر 2بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔حکومت نے ان اضلاع میں تمام کارخانوں کو 50فیصد ملازمین کے ساتھ کھلا رکھ کر کام کرنے کی اجازت دیدی ہے۔جبکہ گارمنٹس کے کارخانوں کو 30فیصد تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔حکومت نے تمام تعمیراتی کاموں کو حسب معمول جاری رکھنے کے لئے منظوری دیدی ہے۔تعمیراتی اشیاء کی بشمول اسٹیل اور سمنٹ فروخت کرنے والی دکانوں کو بھی کھلا رکھنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔تمام پارکوں کو واکنگ کرنے والوں کی سہولت کے لئے صبح 5بجے سے 10بجے تک کھلا رکھا جائے گا۔ضرورت پڑنے پر بین ضلعی سفر کی اجاز ت دی گئی ہے۔ بیمار افراد کو فوری طور پر لانے لے جانے کے لئے اجازت دی گئی ہے۔ میڈیکل عملہ کے کہیں بھی آنے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔مال برداری اور آن لائن شاپنگ پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔انٹرنیٹ اور ٹیلی کام عملہ کو کا م کرنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ رات کی شفٹ میں کام کرنے والے ملازمین کو آنے جانے کے لئے اپنا شناختی کارڈ ساتھ میں رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ فلائٹ اور ریل کے سفر کی حسب معمول اجاز ت دی گئی ہے۔ چشموں کی دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود سرکاری ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کے ایس آر ٹی سی، بی ایم ٹی سی اور دیگر بسوں کو دوڑانے کی اجاز ت نہیں ہو گی۔
پوری ریاست میں روزانہ شام 7بجے سے صبح5بجے تک رات کا کرفیو نافذ رہے گا۔ ویک اینڈ میں جمعہ کی شام 7بجے سے پیر کی صبح 5بجے تک مکمل طور پر کرفیو نافذ رہے گا۔بین ریاستی سفر پر پابندی برقرار رہے گی۔حکومت کی طرف سے نافذ ان پابندیوں کو سختی سے لاگو کرنے اور ان لاک کے دوران صورتحال کی نگرانی کر نے کے لئے شہر کی پولیس اور بی بی ایم پی کی طرف سے تمام تر انتظامات کر لئے گئے ہیں۔
شہرکے پولیس کمشنر کمل پنت نے امتناعی احکامات کی مدت کو 21جون تک بڑھا دیا ہے اور انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان لاک کا وقت ختم ہونے کے بعد وہ گھروں میں مقیم رہیں اور سڑکوں پر غیر ضروری طور پر نہ نکلیں۔ ویک اینڈ کرفیو کے دوران پابندیاں اور سختی سے نافذ کرنے کے لئے بنگلور و سٹی پولیس کی طرف سے تمام پولیس تھانوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے اورکہا گیا ہے کہ صرف ان افراد کے علاوہ جن کے باہر نکلنے کے لئے حکومت کی طر ف سے اجازت دی گئی ہے کسی اور کو نکلنے نہ دیا جائے اورپابندی کی پامالی کرتے ہوئے باہر آنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔